ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / رابعہ اسکول اور شری رام کالج کی وضاحت ،اقلیتی کمیشن نے معاملہ خارج کیا

رابعہ اسکول اور شری رام کالج کی وضاحت ،اقلیتی کمیشن نے معاملہ خارج کیا

Sun, 05 Aug 2018 21:12:16    S.O. News Service

نئی دہلی :5/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پچھلے دنوں دہلی اقلیتی کمیشن نے پرانی دہلی کے رابعہ گرلز اسکول اور لیڈی شری رام کالج فار ویمن کے خلاف نوٹس جاری کیاتھا۔رابعہ گرلزاسکول پر الزام تھا کہ اس کی انتظامیہ نے چھوٹے بچوں کو فیس نہ دینے کی وجہ سے بیسمنٹ میں گھنٹوں بندرکھاجب کہ لیڈری شری رام کالج پر یہ الزام تھا کہ اس نے بی اے پروگرام میں سے اردو کا مضمون خارج کردیا ہے۔رابعہ گرلز کالج نے تفصیل سے اور تصویروں کے ساتھ مذکورہ جگہ پر بچوں کو رکھنے کی وجہ بتائی اور یہ کہا ہے کہ وہ کمرہ کسی طرح ایک بیسمنٹ کے زمرے میں نہیں آتا ہے جس کا بعض اخبارات میں ذکر کیا گیا ہے۔تصویروں کے ساتھ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ وہ دراصل ایکٹیویٹی روم ہے جہاں کھلونے وغیرہ رکھے ہیں اور اگزاسٹ فین لگے ہوئے ہیں ، اس لئے بچوں پر ظلم کرنے کی بات درست نہیں ہے۔ بچوں کو الگ کرنے کا مقصد صرف یہ تھا کہ جب ان کے والدین یا گارجین انھیں لینے آئیں تو ان کو فیس کی عدم ادائیگی کے بارے میں مطلع کیا جائے ۔ دوسرے ذرائع سے بھی کمیشن کو اطلاع ملی ہے کہ مذکورہ واقعے کو بہت بڑھا چڑھا کر بتایا گیا ہے جبکہ رابعہ گرلز اسکول کا اپنا مقام ہے اور علاقے کی مسلم بچیوں کی تعلیم و ترقی میں اسکا تاریخی کردار رہا ہے۔ ان وجوہات کی وجہ سے دہلی اقلیتی کمیشن نے رابعہ گرلز اسکول کے خلاف کیس خارج کردیا ہے۔ٍ لیڈی شری رام کالج نے اطلاع دی ہے کہ اردو کورس بند نہیں کیا گیا ہے اور اگر ایک طالبہ بھی اردو لینا چاہتی ہے تو اس کے لئے گیسٹ ٹیچر کا انتظام کیا جاتا ہے۔ کالج نے پچھلے سالوں کا چارٹ فراہم کیا ہے جس سے معلوم ہوتاہے کہ ہر سال صرف چند بچیاں ہی اردو پڑھنے کی خواہش ظاہر کرتی تھیں اور کسی سال بھی ان کی تعدادسات سے متجاوز نہیں ہوئی بلکہ ایک سال میں ایک بھی بچی نے اردوپڑھنے کی خواہش ظاہر نہیں کی اور اس سال میں پانچ بچیاں اردو پڑھ رہی ہیں۔ اس وضاحت کے بعد لیڈی شری رام کالج کے خلاف کیس بند کردیا گیا ہے۔ 


Share: